قومی اسمبلی اپنے اراکین اور عملے کی قابلیت میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے، ایاز صادق

309

لندن  : پاکستان کے ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل  اسٹیفن ٹوئیگ نے لندن میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بانی ارکان میں سے ایک کے طور پر پاکستان دولت مشترکہ کی بنیادی اقدار کی مکمل رکنیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ میں دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے موجودہ جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی حالات میں اپنی مطابقت کو بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔

سردار ایاز صادق نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اپنے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے  قانون سازی اور پارلیمنٹ کے کاروبار کے قواعد کی تیاری میں اراکین اور عملے کی تربیت کے لیے سی پی اے اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے درمیان تعاون پر زور دیا ۔

سیکرٹری جنرل ا سٹیفن ٹوئگ نے ایک اہم شراکت دار کے طور پر دولت مشترکہ کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے ا سپیکر کو بتایا کہ سی پی اے نے پارلیمانی اسٹڈیز کے کورسز کے لیے برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کیے ہیں اور پاکستانی یونیورسٹیاں بھی مشترکہ منصوبوں کے طور پر تعاون کر سکتی ہیں۔