خیبرپختونخواہ کا سال 2024-25 کا بجٹ پیش: مزدور کی تنخواہ 36 ہزار  کی تجویز

741

پشاور:خیبرپختونخواہ ( کے پی کے )  کی اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کر دیا گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ، مزدور کی کم از کم تنخواہ 36 ہزار کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بجٹ کا اجلاس 2 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی کر  رہے تھے، وزیرخزانہ خیبرپختونخواہ آفتاب عالم نے بجٹ 25-2024پیش  کیا۔

وزیر خزانہ کے پی کے نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل محصولات 1754 ارب روپے ہیں جبکہ کل اخراجات 1654ارب روپے ہیں، بجٹ 100 ارب روپے سرپلس ہے، صوبائی حکومت کو وفاق سے ایک ہزار 212 ارب روپےسے زائد ملنے کا امکان ہے،وفاق کابل تقسیم محاصل سے 902 ارب 50 کروڑ روپے ملنے کی توقع  ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت 93 ارب 50 کروڑروپے اپنے وسائل سے اکٹھے کرے گی، ٹیکسیشن کی مد میں صوبائی حکومت کا 63 ارب 18 کروڑروپے کا ہدف مقررکیا گیا ہے، پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” بقایاجات”78 ارب 21 کروڑ روپے ہے، مجموعی طور پر محصولات 1212 ارب 40 لاکھ روپے ہیں۔

آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ عوام نے انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی قیادت ہر مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کےعوام کیساتھ کھڑی رہی،اامید دلاتا ہوں کہ مستقبل میں صوبے کی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے۔

خیال رہے کہ بجٹ پیش  ہونے کے بعد 30  جون تک منظور ہونا ضروری ہے بصورت دیگر بجٹ مسترد ہوجاتا ہے، بجٹ منظور ہونے کے بعد یکم جولائی سے نافذ االعمل ہوگا۔