پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات بہت اچھے ہیں، ترک سفیر

363
relations with Pakistan

کراچی: پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر مہمت باچاچی نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات بہت اچھے ہیں۔

 مہمت باچاچی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام الناس آپس میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،کراچی پریس کلب آمد یقینا ایک خوشی کا باعث ہے۔ جمعرات کو کراچی پریس کلب کی خصوصی دعوت پر پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر مہمت باچاچی نے قونصل جنرل جمال سانگوکے ہمراہ کراچی پریس کلب کا دورہ کیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں عوامی سطح پر رہن سہن میں بڑی مماثلت ہے جبکہ مزاج بھی کافی حد تک ملتا جلتا ہے۔پاکستان میں ترکش ڈرامے بہت مقبول ہو رہے ہیں اور نوجوان ایک دوسرے سے محبت بھی کرتے ہیں جو کہ دونوں ممالک کے لیئے نہایت ہی خوش آئند پہلو ہے۔

اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اورسیکرٹری شعیب احمد نے مہمانوں کوخوش آمدید کہا اور کراچی پریس کلب کی تاریخ سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لئے کراچی پریس کلب نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور کراچی پریس کلب آزادی اظہار رائے کا ہمیشہ سے علمبردار رہا ہے اور مکمل طور پر ایک ویلفیئر ادارہ ہے۔

صدروسیکرٹری کراچی پریس کلب نے ترکیہ کے سفیر مہمت باچاچی کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ اور شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر کراچی پریس کلب عبدالرشید میمن، سینئر صحافی مقصود یوسفی، عامر لطیف، ارمان صابر، اخگر انور اعوان، امجد ارشاد، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، ممبر گورننگ باڈی شازیہ حسن ، رضیہ سلطانہ ، شمس کیریو، رانا جاوید، طارق معین اور نور محمد کلہوڑو سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھے، قبل ازیں معززمہمانوں کا کراچی پریس آمد پر پرتپاک اسقتبال کیاگیا