شہباز شریف کی ایرانی رہبر اعلیٰ سے ملاقات، ابراہیم رئیسی  کا وژن جاری رکھنے کا عزم

194

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کا وژن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان  میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھویں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے حوالے مرحوم صدر کا وژن جاری رکھنے کا عزم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ مرحوم کے اپریل 2024 میں کیے گئے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پاک ایران تعلقات مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تجارت بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کا وژن کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور برادر ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ وی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔