اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں 3 ججوں کی تقرری پر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس 7 جون کو طلب کرلیا۔
جوڈیشل کمیشن پاکستان کی تشکیل 18ویں آئینی ترمیم کے تحت کی گئی ہے جو اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے لیے لازمی ہے۔
جے سی پی سپریم کورٹ میں 3خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شہزاد احمد اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عقیل عباسی سمیت 9ججوں کے ناموں پر غور کرے گا۔
چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس میں جے سی پی کے ارکان جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس (ر) منظور احمد ملک، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر شریک ہوں گے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ،اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے ایڈووکیٹ اختر حسین بھی شامل ہونگے ۔
آئین کے مطابق سپریم کورٹ کے ججوں کی اصل تعداد 17 ہے جبکہ اس وقت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت صرف 14 ججز ہیں۔
واضح رہے کہ یہ3 عہدے جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ اور جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کے استعفوں کے بعد پر کیے جانے ہیں۔