فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ میں خامیاں ہیں، وزیراعظم

203

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنا کمیشن رپورٹ میں خامیاں ہیں اور یہ ٹی او آرز کے مطابق بھی نہیں ہے۔ اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی معیشت کے حوالے سے صورت حال اور سیکورٹی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت اور عدالتی مقدمات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

دوران اجلاس اٹارنی جنرل اور وزیر قانون نے فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پر اہم نکات بتائے جب کہ وفاقی کابینہ کواٹارنی جنرل آف پاکستان کی جانب سے فیض آباد دھرنا واقعے کے انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی اور اس حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ انکوائری کمیشن نے اپنے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) کے مطابق کام نہیں کیا۔ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے کابینہ کی ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ میں واقعی خامیاں ہیں اور یہ رپورٹ ٹی او آرز کے مطابق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ کے معاملے پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔