اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف شیر افضل مروت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

222

اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی جانب سے اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم کے طور پر تعینات کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کل  اس درخواست پر سماعت کریں گی۔ رجسٹرار کی جانب سے  متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

عدالت عالیہ میں وکیل ریاض حنیف راہی کی وساط سے دائر درخواست میں شیر افضل مروت کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار بطور وزیر خارجہ پہلے ہی کام کررہے ہیں، جب کہ وزیراعظم نے 28 اپریل کو ان کی نائب وزیر اعظم کے طور پر تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کروا دیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی آئین میں نائب وزیراعظم کے عہدے کا کوئی ذکر نہیں ہے اور ایسی کوئی شق بھی آئین میں شامل نہیں ہے کہ جس کے تحت وزیراعظم کسی نائب وزیراعظم کو تعینات کریں اور اس کا نوٹی فکیشن جاری ہو۔

شیر افضل مروت کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام کے پیسوں سے ایک ہی شخص کو 2 عہدے ذاتی مفاد کے لیے دے دیے گئے ہیں جب کہ ایک شخص جو غیر قانونی طریقے سے تعینات ہوا ہو، وہ ریاست سے مراعات حاصل نہیں کر سکتا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ  اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تعیناتی کا 28 اپریل 2024 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، وزیر اعظم اور اسحاق ڈار کو فریق بنایا گیا ہے۔