وزیراعظم کا ایرانی سفارتخانے کا دورہ، صدر رئیسی و دیگر کے انتقال پر تعزیت

188

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سفیر سے ملاقات کی اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کرجانے پر اظہار تعزیت کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفیر سے ملاقات میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور مجھے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرا صدمہ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سوگوار خاندانوں اور ایران کے عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری دعائیں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر بصیرت رکھنے والے رہنما تھے۔ پاکستان نے اعلیٰ خصوصیات رکھنے والے مخلص بھائیوں جیسے دوست کو کھو دیا ہے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم اور پاکستانی قوم کی جانب سے اظہار افسوس کرنے پر شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی بھی پاکستانی حکومت اور عوام کے لیے نیک تمنائیں رکھتے تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔