پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرغستان میں طلبا و طالبات ایئرپورٹ پر پھنسنے کی اطلاعات ہیں، طلبا وطالبات ٹکٹ کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں،اسحاق ڈار کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست ہے لیکن طلبا کے لیے نہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ نے کہاکہ پی آئی اے کو جاتی امرا کے لیے پرائیویٹ جٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کے مفت ٹکٹ کے دعوے بھی سیاسی دعوں کی طرح جھوٹے ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ خیبر پختونخوا کے طلبہ و طالبات نے اپنی جیب سے ٹکٹ خریدی ہے، ڈی جی انفارمیشن کا بیٹا اپنا ٹکٹ لے کر پہنچ گیا جبکہ بھتیجا تاحال ائیر پورٹ پر پھنسا ہے، والدین کا حکومت سے خصوصی طیارے بھیجنے کا مطالبہ ہے، طلبا کو معمول کی پروازوں سے لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے مشکلات ہیں، 10 ہزار طلبا کو معمول کی پروازوں سے لانا تشویشناک ہے۔