ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ،  تلاش جاری

418

 تہران:ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو آذربائیجان میں حادثہ پیش آیا ہے جہاں حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کرنے کی کوشش لیکن شائد کامیاب نہ ہوسکا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر نے آزربائیجان کے مشرقی صوبے میں رف لینڈنگ کرنے  کوشش کی جس کے بعد جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں روانہ ہو گئی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق سخت موسمی حالات اور دھند کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس طیارے کو حادثہ پیش آیا اس میں ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان اور کچھ مقامی اہم عہدیداران بھی سوار تھے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے حادثے کی متضاد رپورٹس موصول ہو رہی ہیں اور ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ جس ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا اس میں ابراہیم رئیسی سوار تھے یا نہیں،صدر کا قافلہ تین ہیلی کاپٹرز پر مشتمل تھا اور کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق جس ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، ابراہیم رئیسی اسی میں سوار تھے۔

آذربائیجان کے صدر  الہام علیوف سمیت سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک نے صدر کا ہیلی کاپٹر ڈھونڈنے میں مدد کی پیش کش کی ہے تاہم ہلال احمر کی 40 سے زائد گروپ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہیں، خراب موسم کی وجہ سے اب تک کسی قسم کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

پاکستانی صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایرانی صدر کے کریش ہونے پر دکھ کا اظہار کرتےہوئے نیک تمناؤں اور دعا کی ہے کہ ابراہیم رئسی بخیروعافیت وطن واپس پہنچ جائیں۔

خیال رہے کہ  ایرانی صدر آذربائیجان میں ڈیم کا افتتاح کرکے واپس آ رہے تھے۔