لاہور: کرغزستان سے 140 پاکستانی طلبہ خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بشکیک سے خصوصی پرواز کے لیے آنے والے طلبہ کا استقبال وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا جب کہ مزید طلبہ کو لانے کے لیے کل بھی خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بشکیک سے وطن پہنچنے والے طلبہ سے ائرپورٹ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے طلبہ سے بشکیک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بارے معلومات لیں اور مسائل پوچھے۔
محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ قوم کے بچے ہیں، وزیراعظم نے اس واقعے کے فوری بعد پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے لیے تیزی سے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں موجود دیگر طلبہ کو بھی پاکستان واپس لایا جائے گا، ہماری سب سے پہلی ترجیح پاکستانی طلبہ کی بحفاظت وطن واپسی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل مزید پروازوں کے ذریعے طلبہ کو وطن واپس لائیں گے۔ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جب کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار اور امیر مقام بھی کل کرغزستان جائیں گے۔