اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات کے فروغ اور صنعتوں کی ترقی کے لیے بجلی و گیس کی فراہمی مزید بہتر کریں گے۔
صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کو برآمدات میں اضافے کے لیے کم لاگت پر بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے جس سے ملکی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے فروغ اور ملک کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ بجلی و گیس کی ٹیرف ریشنلائزیشن کے لیے صنعتوں سے مشاورت بھی کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرے گی۔ اس سلسلے میں برآمدی شعبے کی صنعتوں کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے منصوبہ بندی فوری طور پر بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ برآمدی شعبے سے جڑی صنعتوں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
اہم اجلاس میں صنعتوں اور گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔