اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف سے چینی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنی کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف سے چیئرمین وانگ جائی چینگ (Wang Jaicheng) کی قیادت میں چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز (MCC Tongsin Resources) کے وفد نے وفاقی دارالحکومت میں ملاقات کی، جس میں کمپنی کی جانب سے پاکستان میں معدنیات و کان کنی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
کمپنی نے پاکستان میں منرل پارک بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کی ہر بُرے وقت میں مدد کی ہے، جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے۔ وزیرِ اعظم نےچینی کمپنی کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیا کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے معدنیات نکالنے، ان کی پراسسینگ اور ان کی مصنوعات کو برآمد کرنے کے لیے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔