چینی کمپنی کا پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار

209

 اسلام آباد: چینی کمپنی نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین وانگ جائی چینگ کی قیادت میں چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، رانا تنویر حسین، جام کمال خان اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کمپنی نے پاکستان میں منرل پارک بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے۔

شہباز شریف نے چینی کمپنی کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیا کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، راسسینگ اور برآمد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی وزرا اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشاورتی عمل میں وزیرِ اعلی بلوچستان اور صوبے کے متعلقہ اداروں و سٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے۔