کلک کراچی کو بہتر انفرا اسٹرکچر اورشہری سہولیات کے لئے کوشاں ہے ،آصف جان صدیقی

589

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کلک (CLICK ) اور اسمارٹ ریسرچرز (SMART RESEARCHERS) کے زیر اہتمام تعارفی نشست میں مقررین کا کہنا تھا کہ کلک کا منصوبہ تمام اداروں کی رہنمائی و تربیت کے لئے ہے جس سے عوامی نمائندے ایک مربوط ٹاون میونسپل کارپوریشن کا نظام چلا سکیں جوکہ بین القوامی معیار کے مطابق ہوگاجس کے لئے تمام کنسلٹنٹسی فراہم کرنے والی فرمز مختلف شعبہ جات میں تربیت اور رہنمائی کے لئے موجود ہیں۔جمعرات کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروگرام میں کلک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف جان صدیقی ،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر زین العابدین میرانی، فنانشل اسپیشلسٹ عارف رضا،فہد زبیر، اسمارٹ ریسرچرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین اللہ خان، ڈائریکٹرخرم احمد،پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر منظور حسین میمن ،ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایمیج منیجمنٹ محمد شاہد سمیت کراچی کے ٹاؤنز میونسپل کارپوریشن کےچیئرمین سمیت دیگر افسران اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک آصف جان صدیقی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ بلدیات کلک پراجیکٹ ورلڈ بینک کے ساتھ مشترکہ طور پر کراچی کو بہتر انفرا اسٹرکچر، شہری سہولیات اور عمدہ طرز زندگی دینے کے لئے کوشاں ہے اور عنقریب اس حوالے سے ہم اپنے نئے فیز میں داخل ہونے جارہے ہیں۔پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک نے اس موقع پر کراچی کے تمام ٹاوئنز کے منتخب چئیرمینز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تمام یونین کونسلوں کی حدود میں بلا تفریق رنگ و نسل فقط میرٹ کی بنیاد پر کلک پراجیکٹ اپنا کام انجام دے رہا ہے اور ورلڈ بینک کی جانب سے فراہم کردہ تمام گائیڈ لائنز کو من و عن پیش نظر رکھا جاتا ہے۔پراجیکٹ منیجر اسمارٹ ریسرچرز ڈاکٹر منظور حسین میمن نے تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ ریسرچرز پروجیکٹ منیجمنٹ کے مختلف شعبہ جات میں کام کر رہی ہے خاص کر کلک کے تعاون سے اس پروجیکٹ میں ورلڈ بینک کے منصوبے کے زیر اہتمام 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے دیگر شعبہ جاتی نظام میں بہتری لانے کے لیئے افسران و ملازمین کی تربیت کے ذریعے صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹاون انتظامیہ کا بھر پور تعاون پراجیکٹ کی کامیابی کی کنجی ثابت ہوگا ،اسمارٹ ریسرچرز فروری 2024 سے تمام ٹی ایم سی سے موثر رابطہ رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ ماہ اسمارٹ ریسرچرز کی سفارش پر تمام ٹاونز میں ملازمین کو ہراساں کرنے سے روکنے کے لیئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جس پر چیرمینز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم سی چیرمینز کے تعاون سے ہی گزشتہ مالی سال کے کلک کے منصوبے پایہ تکمیل پر پہنچ سکتے ہیں۔اس موقع پر کلک کے ڈپٹی ڈائریکٹر زین العابدین میرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر کے تمام مرکزی و مضافاتی علاقوں میں کلک کی جانب سے علاقے کے عوام سے ملاقات اور گفتگو کا سلسلہ مستقل طور پرجاری ہے جس کے ذریعے علاقے کی بلدیاتی ضروریات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ لوگوں میں اعتماد اور بھروسے کا احساس بھی بیدار ہوتا ہے جو کہ حکومت سندھ کا اولین مشن ہے۔اس موقع پر کلک پراجیکٹ کے جانب سے تمام شعبہ جات کے ماہرین نے بھی اپنے کام کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی جس میں عائشہ مغل، آغا مرتضی، رفیق بروھی، رانا آصف سمیت کلک پراجیکٹ سے وابستہ نمائندگان نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔