سلوواکیہ میں وزیراعظم پر قاتلانہ حملہ، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

212

سلوواکیہ میں وزیراعظم پر قاتلانہ حملہ ہوا، جس کے بعد انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو کو حملہ آور نے گولی سے نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کوشش کی، جس میں وہ  زخمی ہو گئے اور انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سرکاری بیان میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم رابرٹ فیکو پر ہینڈلووا میں سرکاری دفتر میں اجلاس کے بعد قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق 71 سالہ ملزم نے فائرنگ کی لیکن فوری طور پر اس کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا۔

وزیراعظم 59 سالہ رابرٹ فیکو کو ہینڈلووا میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اور اجلاس کے بعد عمارت سے باہر آتے ہوئے حملے کی زد میں آئے اور انہیں زخمی حالت میں مرکزی قصبے سلوویک کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعد ازاں انہیں ہنگامی طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے خطے کے مرکزی شہر بینسکا بائیسٹریکا منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق رابرٹ فیکو جیسے ہی عمارت سے باہر آکر وہاں موجود لوگوں سے ہاتھ ملا رہے تھے کہ فائرنگ ہوئی اور 3 سے 4 فائر کی آواز آئی، جس کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفت میں لیا۔