اہل کراچی کیلیے بڑی سہولت: نادرا کے ایک اور بڑے دفتر کا افتتاح

3024

کراچی: شہر قائد کے باسیوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے نادرا نے پہلے سے موجود 3 میگا سینٹرز کے بعد مین یونیورسٹی روڈ، اسکیم 33 گلزار ہجری، صفورا چورنگی کے قریب سکینہ پرائیڈ بلڈنگ میں ایک نئے اور بڑے رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

نئی اور کشادہ عمارت میں مجموعی طور پر 20 کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، جن میں خصوصی افراد کے لیے بھی کاﺅنٹرز کو مختص کیا گیا ہے۔ نیا رجسٹریشن سینٹر بھی مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہے اور ابتدائی طور پر یہاں 100 افراد کے بیٹھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

نئے رجسٹریشن سینٹر میں 30 افراد پر مشتمل نادرا کا عملہ تعینات کیا گیا ہے جو صبح 8 سے رات 12 بجے کے درمیان خدمات کی فراہمی کے لیے مستعد ہوگا۔ شہری اس مقررہ وقت کے دوران باآسانی ٹوکن لے کر سہولت کے ساتھ اپنی باری آنے پر بغیر کسی زحمت کے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔

شہر کے گنجان علاقوں کے درمیان یونیورسٹی روڈ پر جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے نئے دفتر کا افتتاح سینٹر میں موجود ادارے کے اسپیشل پرسنز ملازمین حیدر علی اور عظمیٰ نے ربن کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر نادرا کے ڈائریکٹر ایڈمن محسن نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کاشف آرائیں، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ساجد عزیز اعوان اور نادرا کے دیگر اسٹاف ممبران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر محسن نقوی نے جسارت سے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی روڈ پر قائم کئے جانے والے اس اسٹیٹ آف دی آرٹ رجسٹریشن سینٹر میں عوام کی سہولت کے لیے 20 کاﺅنٹرز قائم کئے گئے ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور یہاں نادرا کی دستیاب تمام سہولیات سے شہری استفادہ کر سکتے ہیں۔

رجسٹریشن سینٹر میں ایئرکنڈیشن ہال اور پہلی منزل پر آنے والوں کے لیے بیٹھنے کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نادرا کا یہ دفتر صبح ساڑھے8بجے سے رات12بجے تک دو شفٹوں میں  کام کرے گا جہاں عوام اپنے شناختی کارڈ ،ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) اور نادرا سے متعلقہ دیگر سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

ڈائریکٹر نادرا کا کہنا تھا کہ سینٹر آنے والے شہریوں کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کی جائے گی۔ آنے والے تمام سائلین سے خوش اخلاقی کے ساتھ اور میرٹ پر بلاتاخیر فرائض انجام دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیو رسٹی روڈ پر قائم کیا جانے والے نادرا دفتر میں اسٹاف کی تعداد 30 ہے۔ 10کاﺅنٹر نیچے اور 10 کاﺅنٹر فرسٹ فلور پر بنائے گئے ہیں۔ شہریوں کے سہولت کے لیے مجوعی طور پر 20کاﺅنٹر بنائے گئے ہیں۔

نادرا رجسٹریشن سینٹر افتتاح کے پہلے ہی روز بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شناختی کارڈ اور دیگر سہولیات سے متعلق استفادہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی روڈ کے اس نئے بڑے سینٹر کہ بعد اسی طرح کے بڑے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کیماڑی اور گلشن اقبال میں بھی کھولے جائیں گے، جس پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) اس وقت کراچی میں ڈی ایچ اے، فائیو اسٹار چورنگی اور سیمنز چورنگی سائٹ پر نادرا میگا سینٹرز میں شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے جب کہ اب یونیورسٹی روڈ پر نادرا کا بڑا رجسٹریشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا ملک بھر میں قائم 771 سینٹرز کے ذریعے یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار افراد کی رجسٹریشن کرتا ہے ۔ ہر سینٹر میں خواتین ، معذوروں، سمندر پار پاکستانیوں، مردوں اور سینئر سیٹزنز کے لیے الگ الگ کاﺅنٹر قائم ہیں۔

پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی طرح کراچی میں قائم نادرا کہ میگا سینٹرز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ محسن نقوی کے مطابق نیا نادرا رجسٹریشن سینٹر 2 شفٹوں میں صبح 8 سے رات 12بجے تک کام کرے گا اور یومیہ 700 شہری استفادہ کرسکیں گے بعد ازں اسٹاف کے اضافے کے بعد سال کے آخر تک 1000 سے زاید شہری اس سینٹر سے مستفید ہوں سکے گے۔

انہوں نے کہاکہ نادرا سے متعلق تمام شکایات بھی شہری آسانی سے درج کروا سکتے ہیں۔ اس کے لیے ایک ہمارا ایک مرکزی نظام برائے تصفیہ شکایات موجود ہے، جس کے ذریعے کسی بھی خدمات، سہولیات یا عملے سے متعلق کوئی بھی شکایت ہو،آن لائن ویب پورٹل پر درج کرائیں یا ہیلپ لائن پر کال کریں اور فوری حل کرائی جا سکتی ہیں۔

نادرا کا مستعد عملہ 24 گھنٹے آپ کی خدمت کے لیے حاضر ہوتا ہے۔ جدید خودکار نظام کے تحت شکایات کے اندراج اور حل ہونے کی اطلاع بذریعہ ای میل اور ایس ایم ایس دی جاتی ہے۔ ویب پورٹل:complaints.nadra.gov.pk چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن:051-111786100،موبائل صارفین کے لئے 1777 پر بھی کا ل کرکہ درج کراسکتے ہیں۔