کراچی: شہر قائد ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور بدھ کے روز شہر کا درجہ حرارت 39.9 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کی وجہ سے کراچی کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بدھ کے روز شہر میں زیادہ سے زیادہ پارہ 39.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
کراچی میں بدھ کا روز گزشتہ دنوں کی طرح گرم اور مرطوب رہا، اس دوران نمی کا تناسب 52 فی صد تک بڑھنے سے گرمی درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کل کے مقابلے میں مزید 2.1ڈگری اضافے کے بعد 39.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو بھی شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، اس دوران شام میں سمندر کی جنوب مغربی جب کہ صبح سے دوپہر کے درمیان بلوچستان کی شمال مغربی اورمغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 35 سے 34 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔