پاکستان اور امریکا کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

500
agree to increase cooperation

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان آئی ٹی وٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیاِ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، جسٹس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن، گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر گفتگو کی گئی، فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پرشزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر ترقی کر رہا ہے، خواہش ہے پاکستان اور امریکہ کے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات میں اضافہ کے خواہاں ہیں، امریکی اشتراک سے گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر کام کرنا چاہتے ہیں، ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

شزہ فاطمہ  کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی ماہرین کا تبادلہ اہم ہے، موجودہ حکومت کی توجہ ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے، نیشنل ڈیجیٹلائزیشن پلان کے تحت اکانومی، گورننس، سوسائٹی کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کنیکٹوٹی، معیاری براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کا ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کریں گے۔