اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک پر فوری فیصلے کیے، تاہم انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران پولیس اہل کار اور دیگر شہریوں کے جاں بحق ہونے اور دیگر کے زخمی ہونے پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک شروع ہوئی تو حکومت ن فوری فیصلے کیے اور 23 ارب روپے کی خطیر رقم کا اعلان کیا گیا۔ یہ آزاد کشمیر کے بہن بھائیوں کے لیے امدادی رقم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ احتجاجی تحریک کے دوران مظاہرین کے مطالبات سنے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان کی ضروریات اور مطالبات پورے کیے جائیں، جس کے لیے حکومت نے 23 ارب روپے کی خطیر رقم کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں خود کچھ دنوں میں مظفر آباد ان سے ملنے کے لیے جاؤں گا۔ ہماری اجتماعی کوششوں سے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک ختم ہو گئی لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس دوران کچھ قیمتیں جانوں کا ضیاع ہوا اور مالی نقصانات بھی ہوئے۔ یہ انتہائی افسوس ناک واقعات تھے، اس پر دکھ ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آزاد کشمیر میں احتجاج کے دوران جاں بحق افراد کے لیے دعا بھی کی گئی۔