جامعہ کراچی میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلیے دستخط مہم کا آغاز

428

کراچی: جامعہ کراچی میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دستخط مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وائس چانسلر نے دستخط کرکے مہم کا آغاز کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی میں  فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی حملوں  کی مذمت کے لیے بنائی گئی دیوار یکجہتی پر دستخط مہم کا منگل کے روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے افتتاح کیا۔

اس موقع پر رئیس کلیہ معارف اسلامی ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، رئیس کلیہ فنون ڈاکٹر شائستہ تبسم اور رئیس کلیہ علوم(سائنس) ڈاکٹر تبسم نے بھی اپنے دستخط کیے۔ بعد ازاں کراچی یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ و ملازمین کی بڑی تعداد آرٹس لابی میں جمع ہوتی گئی اور دستخطی مہم میں حصہ لیا۔

وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر خالد عراقی نے اس موقع پر اساتذہ و طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو حقوق اور خود پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، ہم پر بھی لازم ہے کہ ہم ان کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمی اس سوچ کا اظہار ہے کہ ہم سب فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، ان کی مدد ہماری ذمے داری ہے ۔

واضح رہے کہ فلسطینی مسلمانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے لیے جامعہ کراچی میں قائم دیوار یکجہتی اور دستخطی مہم امریکی و یورپی جامعات میں جاری احتجاجی تحریک ہی کی کڑی قرار دی جارہی ہے، جہاں امریکی و یورپی حکومتوں سے وہاں کی جامعات کے طلبہ اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی سمیت دیگر ہر قسم کا تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

جامعہ کراچی میں یہ سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہے گا، جہاں اسرائیل کے قیام اور فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و جارحیت کے آغاز کے دن 15 مئی کو ایک سیاہ دن کے طور پر منایا جائے گا۔ اس روز جامعہ کراچی کے اساتذہ، ملازمین و طلبہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی ریلی نکالیں گے۔