اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان جو اڈیالہ جیل میں قید ہیں، صرف پاکستان کی خاطر مذاکرات پر آمادہ ہوئے، ذاتی مفادات کے لیے ڈیل کرنے پر نہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کوٹ لکھپت جیل میں عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ’حقیقی طاقتوں‘ سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ذاتی مفادات کے لیے ڈیل نہیں بلکہ پاکستان کی خاطر مذاکرات چاہتے تھے۔
مزید برآں، الٰہی نے سابق صدر عارف علوی کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک کے بہترین مفاد میں نہیں ہوگا۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) پر پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جھوٹے پروپیگنڈے سے گریز کریں اور تعمیری بات چیت کریں۔
ایک روز قبل، پی ٹی آئی نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے رہنما رانا ثناء اللہ کی طرف سے پیش کی گئی ’گرینڈ ڈائیلاگ‘ کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بات چیت صرف ’حقیقی طاقتوں‘ سے ہو سکتی ہے۔