پشاور: کے پی کے اسمبلی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے قرارداد عددی اکثریت کے ساتھ منظور کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کے پی کے اسمبلی اجلاس میں سابق اسپیکر مشتاق غنی کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی، جس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو رہا کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ علاوہ ازیں 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری اور عسکری تنصیبات سمیت دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بعد ازاں اسمبلی میں حکومتی ارکان نے قرارداد منظور کرلی جب کہ اپوزیشن کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی۔اپوزیشن لیڈر عباد اللہ نے گورنر کی منظوری کے بغیر اجلاس بلانے پر اعتراض اٹھایا اور کارروائی کو غیر آئینی قرار دیا۔