ڈبلن:ٹی 20 انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کے ہاتھوں پہلے ہی میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئرلینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا جب اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
آئرلینڈ کے اینڈی بلبرنی نے 77 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی کے لیے اچھی بنیاد فراہم کی۔ اس کے علاوہ ہیری ٹیکٹر نے 36، جورج ڈوکریل نے 24، کپتان پال اسٹرلنگ نے 8 اور لورکن ٹکر نے 4 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ کرٹس کیمفر 15 اور گیریتھ ڈیلنے 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے عباس آفریدی نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے آئرلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے آئرلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 182 رنز بنائے گئے تھے اور پاکستان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 57، صائم ایوب 45، فخر زمان 20، محمد رضوان 1 جبکہ اعظم خان اور شاداب خان 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 37 اور شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کے کریگ ینگ نے 2 اور گیریتھ ڈیلنے اور مارک اڈیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔