بھارت؛ ہندو انتہا پسندوں نے کئی سو سال قدیم درگاہ مسمار کرکے مورتیاں سجا دیں

442

نئی دہلی:بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے کئی سو سال قدیم درگاہ مسمار کرکے وہاں مورتیاں سجادیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احمد آباد میں ہندو شرپسندوں نے ایک تاریخی درگاہ کے اندر موجود قبریں توڑ پھوڑ کرکے مسمار کردیں اور وہاں شرانگیزی کرتے ہوئے مورتیاں سجا دیں۔

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں امام شاہ بابا کی درگاہ کو 600 سال قدیم درگاہ کہا جاتا ہے، جہاں ہندو انتہا پسندوں نےا چانک حملہ کیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ہندو اس مقام پر کافی عرصے سے قبضہ کرنے کے لیے کوشاں تھے، جس کے بعد اب انہوں نے درگاہ پر اچانک دھاوا بول کر بے حرمتی کی اور قبروں کو مسمار کرکے وہاں مورتیاں سجا دیں۔

شرپسندوں کے ہاتھوں درگاہ پر  حملے کی اطلاع ملتے ہی مقامی مسلمان آبادی اکٹھی ہوئی اور ہندوؤں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران ہونے والے  تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے جب کہ پولیس نے ہمیشہ کی طرح 30 افراد کو گرفتار کرلیا، جس میں بیشتر مسلمان ہیں، جو ہندو انتہا پسندوں کو بے حرمتی سے روکنے کی کوشش کررہے تھے۔