لاہور:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےلاہور ائرپورٹ پر آتشزدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر آگ لگنے کے بعد فلائٹ آپریشن کی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا تھا، ائیرپورٹ کے لاؤنج میں آگ بھڑکنے سے 2افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا تھا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ( پی سی اے اے ) کا کہنا تھاکہ لاہور ایئرپورٹ کے ایف آئی اے کے امیگریشن ہال میں امیگریشن کاؤنٹر کی سیلنگ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی، ائیرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کیا گیا تھا تاہم حالات پر قابو پانے کے بعد انٹرنیشنل کی کئی پروازیں روانہ کردیں گئیں ہیں۔
پی سی اے اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آگ لگنےسے 24 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوگئیں تھیں جبکہ 3 پروازوں کی متبادل منتقلی کی گئی تھی۔