کراچی: مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر ٹھیکے جاری

1536

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) ناردرن بائی پاس پر قائم کی جانے والی ایشیا کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی 2024 کے لیے ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر ٹھیکے جاری کردیے گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی2024 کے لیے ایڈ منسٹریٹر، مویشی منڈی کی برانڈنگ، بجلی کی سپلائی، پارکنگ،پانی کی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی، برف سپلائی،ٹینٹ (شامیانے)اور بیت الخلا سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکے جاری کردیے گئے ہیں۔

مویشی منڈی 2024کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکہ حسن اینڈ برادرز کے مظفر حسن خان کو دیا گیا ہے۔ برانڈنگ کے لیے عمیر سید،پانی کی سپلائی کا ٹھیکہ ایچ ٹو او کمپنی،بجلی کا ٹھیکہ اقبال امین،پارکنگ کا ٹھیکہ سلیم گجر، ٹینٹ (شامیانے) کا ٹھیکہ عادل نامی ٹھیکیدار کو دیا گیا ہے۔اسی طرح سافٹ ڈرنک منرل واٹر کا ٹھیکہ اقبال پٹھان چارہ سپلائی کا ٹھیکہ حنیف چاکر اور برف سپلائی سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مویشی منڈی میں الاٹ ہونے والے ٹھیکے داروں کو ورک آرڈر ملنا شروع ہوگئے ہیں۔

ناردرن بائی پاس پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سجنے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے شروع کردی گئی ہیں۔ ہرسال کی طرح 2024 میں بھی قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے ایک نیا شہر آباد کیا جا رہا ہے۔ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں، بیوپاریوں کی سہولت کے لیے پانی،چارہ،بجلی کی 24گھنٹے فراہم کی جائے گی۔

قربانی کے جانوروں سے لدا پہلا ٹرک منڈی پہنچ گیا ہے، ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں 8 مئی 2024 بدھ کی شب کندھ کوٹ سے نیک محمد نامی بیوپاری48 جانوروں سے بھرے 3بڑے ٹرالر لے کر مویشی منڈی پہنچ چکا ہے، جب کہ ایک ٹرالر پہلے ہی کراچی کے ایک بیوپاری اپنے20 گائے اور بیل کے ساتھ مویشی منڈی پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح آئندہ چند روز میں پاکستان کے دیگر شہروں اور گاؤں سے جانوروں سے بھرے ٹرالر اور ٹرک مویشی منڈی پہنچ  گئے ہیں۔

مویشی منڈی 2024 کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے حسن اینڈ برادرز کے مظفر حسن خان نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کے لیے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جب کہ منڈی کے متعدد بلاکس میں زمین ہموار بھی کردی گئی ہے۔ تمام سہولتوں سے آراستہ قربانی کے جانوروں کی منڈی تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر لگائی جائے گی، جس کا جلد افتتاح کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ وی وی آئی پی، وی آئی پی اور جنرل بلاکس میں مجموعی طور پر 4 سے 5 لاکھ جانوروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے خریداروں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

ہم نے ہیوی مشینری ٹریکٹر ٹرالی اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ذریعے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کردیے ہیں۔ مختلف پولز پر بڑی لائٹس نصب کرکے پارکنگ، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔ مویشی منڈی کے مختلف بلاکس کو روشن کرنے کے لیے پول نصب اور لائٹس لگائی جارہی ہیں۔ منڈی کے اطراف سیکورٹی کے لیے حفاظتی چوکیاں قائم کی جا رہی ہیں۔مویشی منڈی 2024 ناردرن بائی پاس پر پچھلے بارشوں اور سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے سے زیادہ بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کے لیے 1000 ایکڑ سے زاید کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں وی وی آئی پی بلاک سمیت 25 سے زاید بلاک قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بیوپاریوں اور عوام کی سہولیات کے لیے مختلف اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم لگائی جائیں گی تاکہ جانوروں کی خریداری کرنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے محفوظ اور باسہولت ماحول فراہم کرنے والی مویشی منڈی پاکستان کی معیشت بالخصوص لائیو اسٹاک کے شعبہ کی ترقی کا اہم ذریعہ ہے، جہاں ملک بھر سے ہزاروں بیوپاری لاکھوں قربانی کے جانور لاکر فروخت کرتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں سیکوریٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں گے۔

منڈی میں آنے والے خریداروں کے ساتھ بیوپاریوں کے لیے بھی سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ خریداروں کی سہولت کے لیے وسیع پارکنگ مختص کی جائے گی جب کہ منڈی کی حدود میں فوڈ کورٹ سمیت بنیادی اشیا کی فراہمی کے لیے عارضی اسٹالز لگائے جائیں گے۔ مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑے بینکوں کے اے ٹی ایمز اور عارضی برانچیں بھی قائم کی جائیں گی۔ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال کے لیے ہنگامی طبی امداد کی سہولت کے ساتھ ایمبولینس بھی موجود رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ مویشی منڈی میں آنے والے بیوپاریوں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ ان سہولتوں میں فی مویشی 30 لیٹر پانی کی مفت فراہمی کے ساتھ مویشیوں کے باڑے بنانے کے لیے اراضی کی بلامعاوضہ فراہمی بھی شامل ہیں۔ قربانی کے جانور مکمل طور پر صحت مند اور شرعی تقاضوں کے مطابق ہوں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منڈی میں داخلے سے قبل تمام مویشیوں کا معائنہ لازمی ہوگا جب کہ مویشیوں کی صحت کی تصدیق کے لیے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کو آئندہ چند روز میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا ۔مویشی منڈی کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا جال پچھایا جائے گا۔ بیوپاریوں کے لیے مویشی منڈی میں خصوصی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ قربانی کے جانوروں کو پانی کی مسلسل فراہمی کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی میں پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ قربانی کے جانوروں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیم ادویات کے ہمراہ موجود ہوگی جبکہ سیکورٹی پر اضافی نفری کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی آنے والے شہریوں کے لیے لائٹس اور دیگر انتظام کیے جائیں گے۔ ناردرن بائی پاس مویشی منڈی ایک ہزار سے زاید ایکڑ رقبے پر محیط ہوگی۔