پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

494

ملائیشیا میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان 13 سال کے بعد فائنل میں پہنچ گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان نے کینیڈا کو 5-4 سے شکست دے کر فائنل تک اپنی رسائی کے چانسز بڑھائے تھے، جس کے بعد اگلے میچ میں جاپان نے میزبان ٹیم ملائیشیا کو ہرا دیا۔

جاپان کے ہاتھوں ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست ہوئک، جس کے نتیجے میں پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں 10، 10 نمبر کے ساتھ برابر آگئیں اور اب ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں ملائیشیا کے شہر آئپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے کینیڈا کو 4-5 سے شکست دی۔ کھیل کے پانچویں منٹ میں سین ڈیوس نے گول اسکور کیا جب کہ 17ویں منٹ میں ہربر سدھو نے فیلڈ گول اسکور کرکے کینیڈا کو صفر کے مقابلے میں 2 گول کی برتری دلائی۔

قومی ٹیم نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل کم بیک کیا اور قومی کھلاڑی ابوبکر نے یکے بعد دیگرے پینلٹی کارنر پر 2 گول اسکور کرکے میچ برابر کردیا۔

دوسرے ہاف میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا، 36ویں منٹ میں ارشد لیاقت، 44 ویں منٹ میں علی غضنفر نے فیلڈ گول اسکور کیا جب کہ کینیڈا کی جانب سے سین ڈیویس اور ارجات نے فیلڈ گول کیے۔کھیل کے اختتام تک پاکستان کو 4-5 سے برتری حاصل رہی۔

دوسری جانب پاکستان اپنا پانچواں میچ 10 مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، 4 میچز کھیلنے کے بعد پاکستانی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔