پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ رہے گا، ذمے داروں کو جوابدہ ٹھیرانا چاہیے، صدر زرداری

288
the war against terrorism

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس کے  ذمے داروں کو جواب دہ ٹھیرانا چاہیے۔

اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات قابل مذمت ہیں، 9 مئی کو سیاسی طور پر ایک مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں ہنگامے کیے، سرکاری املاک اور عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔ پرتشدد واقعات کے ذمے داروں سے قانون کے مطابق جوابدہی ہونی چاہیے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے پاکستان کا تاثر متاثر ہوا ۔ پرتشدد واقعات سے پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔ یہ حملے حکومتی رِٹ ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی سازش تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئےہیں جنہیں آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔  ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کے لیے ریاستی املاک کی تباہی ، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔

صدر زرداری نے مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اورسیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر اور سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتا ہے۔