تربیلا غازی: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑا جعلی وزیراعظم ہے.
عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر پر واضح کردیا ہے پاکستان خودمختار ملک ہے، قومی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،عمران خان نے پارٹی کی تنظیم سازی پر زور دیا ہے،9 مئی کو تحریک انصاف کے خلاف سازش کی گئی،جمعرات کو ملک بھر میں پرامن جلسے،جلوس ہونگے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، تحصیل غازی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت گیس و بجلی اسپتال اور انفراسٹرکچر کے اربوں روپے کے درجنوں منصوبے زیر غور ہیں، جنھیں وزیراعلی کے پی کے ذریعے مکمل کروائیں گے، وہ گزشتہ روز یہاں غازی میں ورکرز کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
قبل ازیں انہیں جہانیاں چیک پوسٹ سے جلوس کی شکل میں استقبالیہ تقریب میں لایا گیا، تقریب سے اختر حسین شاہ، صائمہ خالد، الحاج فردوس خان، چوہدری محمد اشفاق صفی اقبال، اللہ یارخان، خالد محمود ذوالفقار کھوکھر، نصر اقبال اور شاہد اقبال نے بھی خطاب کیا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 2024 کے انتخابات کے بعد ورکرز کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات ہے،تمام تر مخالفت اور ان کی روپوشی کے باوجود غازی کی عوام نے انھیں ریکارڈ ووٹوں کی برتری دلا کر کامیاب کیا، عمران خان نے پارٹی کا جنرل سیکرٹری نامزد کیا،وزیراعظم کا امیدوار اور اپوزیشن لیڈر بنایا جان بھی چلی جائے ان کی امانت میں خیانت نہیں کروں گا،عمران خان جیل میں ملاقات کے دوران کہہ چکے ہیں کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے اپنے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔