راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات خراب کیے جائیں۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج عمران خان سے ملاقات کے لیے پہلے انتظار پنجوتھا کو روکا گیا اور اس کے بعد شیر افضل مروت کو اجازت نہیں دی گئی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے حوالے سے حکم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ کسی بھی جماعت کو جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دی جائیں گی، ہم پرامید ہیں کہ ہمیں انصاف ملے گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔ ہم 9 مئی کو پُرامن احتجاج کریں گے، تمام ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہا ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔