کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ

665

لاہور: کراچی اور لاہو رمیں عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ آفس کو 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا گیا ہے  کہ دونوں شہروں (کراچی اور لاہور) میں پاسپورٹ کا ایک ایک دفتر 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے نادرا میگا سینٹرز کی طرح اب لاہور اور کراچی کا ایک ایک پاسپورٹ آفس دن رات کھلا رہے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہری کسی بھی وقت پاسپورٹ سے متعلق سہولت حاصل کرنے کے لیے متعلقہ سینٹر جا سکیں گے۔

علاوہ ازیں پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں صدر کا پاسپورٹ آفس اور لاہور میں گارڈن ٹاؤن کا پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کھلا ہوگا۔