سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پاکستان میں دفاتر کھولنے چاہئیں،عطا تارڑ

239

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پاکستان میں دفاتر کھولنے چاہئیں، سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی طریقہ کار ہونا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں دفتر کیوں نہیں کھولتے؟، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پاکستان میں دفاتر کھولنے چاہئیں، کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کے حق میں نہیں ہوں، میں نے کہا کہ ایکس کی بندش درست عمل نہیں تھا، آئین پاکستان ہمیں آزادی اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے لیکن اس کی بھی کچھ حدود و قیود ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ کالعدم بی ایل اے کا سارا نیٹ ورک ایکس پر موجود ہے، گوادر پر حملہ ہوا تو کالعدم بی ایل اے کی ساری تفصیلات ایکس پر فراہم کی جا رہی تھیں، یہ لوگ برطانیہ اور بلوچستان سے نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور شر انگیزی پھیلا رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی طریقہ کار ہونا چاہیے، اگر آنے والے وقتوں میں ہمیں دہشتگردی سے لڑنا ہے اور علیحدگی پسندوں کا مقابلہ کرنا ہے اور امن کو فروغ دینا ہے کہ ہمیں کوئی نہ کوئی گائیڈ لائنز طے کرنا ہوں گی۔