مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں، یہی لوگ ملک کی معیشت میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں: وزیراعظم

316

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں اور زندگی غریب آدمی پر تنگ ہے، یہی لوگ ملک کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ۔

لاہور میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم مزدور کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے، کرپشن کا ملک سے خاتمہ ہونے والا ہے ،مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں ہے، روز کے اخراجات مزدور بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔ حکومت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کرچکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے ، بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں اور زندگی غریب آدمی پر تنگ ہے، ہماری پیارے نبی کی تعلیم ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے، اور مزدور کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جائے۔  حلال رزق کمانے والے نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلیے بھی خون پسینہ بہا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد بھی مزدور تھے،  وہ بھارت سے پاکستان آئے اور اور 6 بھائیوں کے ساتھ لاہور میں لوہے کی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے، میرے والد نے لاہور میں کالج میں داخلہ لیا اور شام میں مزدوری کرتے تھے، ہمیں ان کی عظمت کا احساس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محنت کش ہم سب کے لیے سرمایہ حیات ہیں، حکومت سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔