اسلام آباد:سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے بلایا تو ملنے چلا جاؤں گا تاہم ن لیگ میں واپسی اب ممکن نہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف نیب میں مقدمہ عمران خان نے بنوایا اور یہ مقدمہ مجھ پر دباؤ ڈالنے اور گرفتار کرنے کے لیے بنایا گیا ۔ ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ آئین میں نہیں ہے، تینوں بڑی جماعتیں گزشتہ 3سال میں ناکام ہوچکی ہیں۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں واپسی اب ناممکن ہے البتہ اگر مجھے نواز شریف کی کل ٹیلیفون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جاؤں گا۔ نیب نے مجھے گرفتار کرنے کے لیے متعدد لوگوں کی زندگیاں برباد کیں لیکن نیب کے ریفرنس کیخلاف آج تک اپیل نہیں کی کیونکہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ مجھے بری نہ کرو بلکہ کیس چلایا جائے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جاویداقبال آج بھی لاپتا افراد کمیشن کا سربراہ بنا ہوا ہے اور صدر، وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم سمیت کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ جاویداقبال کو ہٹائیں۔