ریاض:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر تجارت عزت مآب ماجد القصبی نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر ملاقات کی۔
سعودی وزیر سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پوری طرح فعال ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی کاروباری برادری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے؛ دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی -پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے.ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔