بیجنگ: چینی صدر اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ مسائل کے حل پر بات چیت کی ہے۔
بی الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی صدر شی جن پنگ سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔
اہم ملاقات میں چینی صدر نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان حالیہ عرصے میں ہونے والی اہم ملاقاتوں میں کچھ معاملات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین کو ایک دوسرے کا مقابل ہونے کے بجائے پارٹنر ہونا چاہیے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھنا ہوگا۔ چین کو مستحکم اور ترقی یافتہ امریکا کو دیکھ کر خوشی محسوس کرتا ہے، امید ہے امریکا بھی چین کی ترقی کے حوالے سے مثبت سوچ اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین کئی معاملات میں اب بھی مسائل درپیش ہیں، تاہم انہیں مشترکہ طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔