لاہور: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز کا آخری میچ ہرا کر سیریز برابر کردی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دی۔ قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے حاصل کرنے کی کوشش میں مہمان ٹیم 19.2 اوورز میں 169 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد سیریز 2-2 سے برابر ہوئی ہے، جب کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
دوسری جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کے بیٹر ٹم سیفرٹ 52 اور جوش کلارکسن 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مائیکل بریسول نے 23، جیمز نیشم نے 16 اور مارک چیپمین نے 12 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی کیوی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکا۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے شان دار بالنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسامہ میر 2، شاداب خان اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے۔ کپتان بابراعظم نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ فخر زمان 43 اور عثمان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افتخار احمد 6 اور صائم ایوب ایک رن بناسکے، شاداب خان 15 اور عماد وسیم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے جیمز نیشم، ایش سودھی، بین سیئرز، ولیم اوروروک اور زکارے فولکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔