عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان، پاکستان میں بھی سستا ہونے کا امکان

366
decrease in Pakistan

کراچی: بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہونے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہاہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول 1.86 ڈالر سستا ہو کر107.16ڈالرفی بیرل ہوگیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 4.30 ڈالر کمی کے بعد 104.76 ڈالر فی بیرل تک آگئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد ملک میں بھی پیٹرول کی قیمت میں 4.50 روپے سے 5 روپے تک کمی کا امکان ہے جبکہ پاکستان میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کی توقع ہے۔

گزشتہ جائزے کے دوران وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 53 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔اس وقت پٹرول 293.94 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 290.38 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت 30 اپریل کو پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے والی ہے۔