وزیر اعظم! کراچی کے عوام کو اعلانات نہیں عملی اقدامات چاہئیں، منعم ظفر خان

679

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو اعلانات نہیں عملی اقدامات چاہیئے، لاقانونیت، قتل وغارت گری، بجلی، پانی اور ٹرانسپورٹ شہر کے بڑے مسائل ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر نے کہاکہ   کراچی کے لیے ڈیڑھ سو بسوں کے اعلان اور ٹرانسپورٹ سسٹم کی تعریف کرنے سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، کراچی کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ شہر کاانفراسٹرکچر تباہ حال ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا عملاً کوئی نظام موجود نہیں ہے۔

منعم ظفر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 16سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے،شہر میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں عوام سے لوٹ مار اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی ذمہ داری پیپلزپارٹی کی حکومت اور متعلقہ اداروں کی ہے،گزشتہ 3سال میں 285افراد مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ   شہر میں 10سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور ڈاکوؤں کی لوٹ مار سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈاکوؤں اور کے الیکٹرک نے آپس میں ساز باز کرلی ہے،جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے،اعلیٰ پولیس افسران کے دفاتر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پر بھی احتجاج کریں گے۔

منعم ظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ  امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن حلف برداری کے بعد کراچی آرہے ہیں،انہوں نے اہل کراچی کا مقدمہ ہمیشہ بھرپور انداز میں لڑا ہے، 28اپریل بروز اتوار بعد نماز مغرب نشتر پارک پر حافظ نعیم الرحمن کے اعزاز میں عوامی استقبالیہ دیا جائے گا، کراچی کے عوام اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عوامی استقبالیہ میں بھرپور شرکت کریں گے۔