اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک معاہدوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات کی زیرصدارت پاک چین اقتصادی راہداری جوائنٹ ورکنگ گروپس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا ، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان جلد ہی چین کا دورہ کریں گے، وفاقی وزیر نے حکام کو ایم او یوز اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک معاہدوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، سی پیک کے حوالے سے تشکیل دئیے گئے ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے انعقاد میں باقاعدگی لائی جائے۔