صدر مملکت کا سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ

988
completion of CPEC projects

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان دیرینہ اسٹرٹیجک تعلقات ہیں جن کو تجارت، معیشت ، زراعت، لوگوں کے درمیان روابط اور ثقافت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کو آپریشن ایجنسی کے چیئرمین  لوچاہوئی کی سربراہی میں وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان اور چینی اور پاکستانی اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

صدر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سی پیک کو انتہائی اہمیت کا اسٹرٹیجک منصوبہ سمجھتا ہے اوراس کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے گوادر بندرگاہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اس سے نہ صرف علاقائی روابط کو فروغ ملے گا بلکہ چین کیلئے مصنوعات کی ترسیل کا خرچہ کم ہوگا ۔

صدر مملکت  نے انسانی وسائل کو چین کی ضروریات کے مطابق ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے مشترکہ تربیتی منصوبے شروع کرنے کی تجویزدی چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایجنسی کے کردار کے بارے آگاہ کیا،ملاقات میں لوو چا ہوئی نے سیاحت اور زرعی تعاون فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے  بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان چینی شہریوں ، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

لوو چا ہو ئی نے کہا کہ دونوں ممالک کے دشمن دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،انہیں اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، صدرِمملکت  نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔