پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہوگا، وزیردفاع

1922

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہوگا اور اس کے لیے راہیں بھی نکل آئیں گی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں حالیہ انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت ایک سال میں واضح تبدیلی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ اپنی تکمیل کے سب مراحل طے کرے گا اور اس کی راہیں بھی نکل آئیں گی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، ایرانی صدر کا پاکستان آنا بہت بڑی پیش رفت ہے، اس حوالے سے اگر کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو اس مسئلے کا کوئی حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی جیسے چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے، کیوں کہ یہ دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خطے میں بے امنی کی وجہ سے بڑی طاقتوں کی مداخلت بڑھتی جا رہی ہے، جس کے بعد ہمیں اپنے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مشترکہ پلیٹ فارم سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔