کراچی: قائم مقام ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ شگفتہ ابراہیم نے کہا ہے کہ اسلامی، خوشحال اورخودمختار پاکستان ہی ملکی ترقی و سالمیت پاکستان کی ضمانت ہے۔ پاک۔ایران تجارتی معاہدوں پرامریکی ناراضگی بلاجواز اورپابندیوں کی دھمکی بلیک میلنگ ہے۔
شگفتہ ابراہیم نے ان خیالات کا اظہار حیدرآباد اور سکھر ڈویژن کی عید ملن تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ناظمات اضلاع و صوبائی ذمے داران عظمیٰ اظہار، عزرا جمیل، عائشہ ظہیر و دیگر بھی موجود تھیں۔
صوبائی ناظمہ کا کہنا تھا کہ عید الفطر ماہ رمضان کے روزوں کی تکمیل اور اس تربیتی مہینے میں عبادات کی انجام دہی کے بعد اظہار تشکر کے طور پر خوشی منانے کا دن ہے یہ اسلامی تہوار ہے جو اپنے دامن میں فضل ورحمت ، فرحت ومسرت اور باہمی محبت کا سامان لیے ہوئے ہے۔ یہ امت مسلمہ کے لیے سچی خوشی کا موقعہ ہے۔لیکن اس بار ہم عید کی خوشیاں اس غم کے ساتھ منا رہے کہ ہمارا ایک بازو لہو لہو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پر فتن دور میں ایمان کی حفاظت کرنا اور اللہ کے دین کی سربلندی کے کیے استقامت سے کھڑے رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے فلسطین کے بچوں کی حوصلہ افزآئی کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس دن میں بھی ان کی ہمتیں پست نہ ہوئیں اور اپنے خیموں کو انہوں نے بہت خوبصورتی سے سجایا تھا۔ یہ دراصل ان کی ثابت قدمی اور ایمان کی مضبوطی کی علامت ہے۔