کراچی: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کی حکومتیں تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں اہم شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے مہمان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ایران کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کے حامی ہیں۔
سی ایم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان، علما، تاجر، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھاکہ پاکستان اور ایران کے مابین تاریخی، تہذیبی اور مذہبی تعلق صدیوں پرمحیط ہے۔ اسلام آباد اور تہران نے دوطرفہ تجارت کو 10ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل حالات کے باوجود صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی میں نمایاں ترقی کی ہے اور اب ہم اپنی صلاحیتوں کا تبادلہ پاکستان کے ساتھ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کی حکومتیں تجارتی رکاوٹیں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تجارت سرحد کے دونوں اطراف کے عوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ تجارتی سطح پر قریبی تعلقات کا قیام پاکستان اورایران کی باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔