کراچی: ٹریفک میں حائل تجاوزات کے خلاف مہم شروع کرنے کا فیصلہ

310

کراچی: کے ایم سی نے شہر قائد میں تجاوزات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات ختم کرنے کے لیے باقاعدہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر کراچی جنوبی میں تجاوزات ختم کرنے کی مہم کا آغاز ہوگا، اس کے بعد شرقی اور وسطی میں بھی ٹریفک کے راستے میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی جنوبی کے علاقوں ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ایمپریس مارکیٹ، کھارادر، بولٹن مارکیٹ، صدر، لائٹ ہاؤس، نمائش اور دیگر سے آپریشن شروع ہوگا اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر رکھے ہوئے کیبن، پتھارے اور دکانوں کی حدود سے باہر رکھے سامان کو ہٹایا جائے گا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کے نگراں ڈائریکٹر عمران راجپوت ہوں گے اور یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رکھی جائے گی۔