اسلام آباد: ججز کو دھمکی آمیز خطوط کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا، جس میں ججز کی جانب سے دی گئی تجاویز زیر غور آئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے فل کورٹ اجلاس کی صدارت کی، جس میں 6 ججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط سلسلے میں تجاویز پر غور کیا گیا۔
فل کورٹ اجلاس میں خطوط سے متعلق شکایت کرنے والے تمام ججز بھی شریک تھے۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے شرکت کی۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے اس معاملے پر لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ سے طلب کی گئی تجاویز کے لیے منعقدہ فل کورٹ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں کسی بھی طرح کی مداخلت پر متفقہ ردعمل دیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ متفقہ تجاویز سپریم کورٹ کو بھیجے گی، جس کا ڈرافٹ مقررہ تاریخ سے قبل ارسال کیا جائے گا۔ فل کورٹ اجلاس میں زیر غور لائی گئی تجاویز پر کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا۔