اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سعودی عرب جلد 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔وزیراعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، اس کے بعد سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان متوقع ہے.
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے 7 سے 8 سال میں برآمدات 100 ارب ڈالر تک لے گئے تو ٹیک آف کر جائیں گےیہ بات انہوں نے بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ بھی سی پیک کے دوسرے فیز کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر سے بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ وزیراعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، اس کے بعد سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان متوقع ہے، سعودی عرب جلد 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب ہم ان سے مدد نہیں مانگ رہے، سرمایہ کاری پر بات کی جا رہی ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے امن، استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم 10 سال کا تسلسل ہونا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی تسلسل قائم نہ ہوا تو دائروں میں گھومتے رہیں گے، 7 فیصد معاشی گروتھ سے 2047 تک پاکستان 2 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے، پاکستان 9 فیصد معاشی گروتھ سے 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔
وزیر ترقی و منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) بہت اچھا حل ہے، پاکستان میں 2017 کے بعد حکومت کی تبدیلی سے سب سے پہلا نشانہ سی پیک بنا، ہم خصوصی اقتصادی اور صنعتی زونز میں 30 سے 40 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی توقع کر رہے تھے۔