اسلام آباد : پاکستان اور ایران نے 8 مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ۔
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور ایران نے 8 مختلف مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جس میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
مفاہمتی یاداشتوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کی توثیق، عدالتی معاونت، ویٹرنری اور جانوروں کی صحت، خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے حوالے سے مشترکہ تعاون شامل تھے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی اور ایران کی کوآپریٹو اور سماجی بہبود کی وزارت کے درمیان بھی ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وزارت اطلاعات و نشریات اور ایران کی وزارت ثقافت کے درمیان فلموں کے تبادلے، اسٹینڈرڈ کنٹرول اتھارٹی اور نیشنل اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن آف ایران کے درمیان ایک اور مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔