فلسطین کی مثالی حمایت پر پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، ایرانی صدر

266

اسلام آباد: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کرنے پر پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ فلسطین پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے خلاف پاکستانی عوام کا ردعمل قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت کا خاتمہ لازمی ہے۔ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کرنے پر پاکستانی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا خصوصاً پاکستان اور اسلامی برادری کو فلسطین کے حق کے لیے بھرپور آواز اٹھانی ہوگی۔ ایران فلسطینیوں کی نسل کشی کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف پاکستانی مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمے داریاں ادا کرنے سے قاصر ہے لیکن ایک دن آئے گا جب فلسطین کو اس کا حق ملے گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر ایرانی مؤقف بہت مضبوط اور قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں 35 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا ہے اور دنیا خاموش ہے۔ اہل فلسطین کے حق میں سب کو متحد ہوکر آواز اٹھانی ہوگی۔ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی طرح کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خون سے زمین سرخ کی جاچکی ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔